جنگ بندی مذاکرات کے لئے نئی تجاویزکی ضرورت نہیں: حماس

غزہ: (ویب ڈیسک) حماس نے کہا ہے کہ جنگ بندی مذاکرات کے لئے نئی تجاویز کی ضرورت نہیں۔

فلسطینی تحریک مزاحمت اور گیارہ ماہ سے اسرائیلی جنگ کا مقابلہ کرنے والی حماس نے کہا ہے کہ اب مذاکرات کے نام پر نئی نئی تجاویز کے بجائے جو چل رہا ہے اسے چلنے دیا جائے تاکہ اسرائیل پر دباؤ بڑھایا جائے۔

حماس نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسرائیل کو امریکی صدر جوبائیڈن کے جنگ بندی منصوبے پر لانے کے لئے اب نئی نئی تجاویز نہ دی جائیں بلکہ اسرائیل کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جائے، کہا جارہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے ایک نئی جنگ بندی تجویز پیش کرنے کی تیاری جاری ہے۔

حماس نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ایک بار پھر جنگ بندی مذاکرات کا سلسلہ توڑ کر ایسا ماحول چاہتے ہیں کہ اسرائیلی فوج کو اسرائیل اور مصر کے درمیان فلاڈلفیا راہداری سے اپنی فوج نہ نکالنی پڑے۔

اس تناظر میں حماس نے مزید کہا کہ ہم اسرائیل کے جال میں پھنسنے سے بچ جانے کے لئے خبردار کرتے ہیں، اسرائیل کے سارے حربے اس لئے ہیں کہ وہ ہمارے لوگوں کے خلاف اپنی جنگی جارحیت جاری رکھ سکے، اس لئے اسرائیلی چالوں کو ناکام بناتے ہوئے جنگ بندی کرنے اور یرغمالیوں کی زندہ رہائی کے لئے حماس نے اپنے پرانے مؤقف پر ہی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دو جولائی کوجن نکات پر اتفاق کر لیا گیا تھا انہیں سے بات آگے بڑھنی چاہئے نہ کہ نئی نئی تجاویز پیش کر کے اسرائیلی خواہشات کے سامنے جھکتے چلے جایا جائے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں