سروسز چیف اور مسلح افواج کا 6 ستمبر 1965ء کے شہداء کو خراج عقیدت پیش

راولپنڈی: (دنیا نیوز) 6 ستمبر کے موقع پر سروسز چیف اور مسلح افواج نے 6 ستمبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہمارے بہادر جوانوں نے زبردست مشکلات کے خلاف بہادری سے مادر وطن کا دفاع کیا، افواج پاکستان نے فیصلہ کن انداز میں دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے دشمن کی عزائم ناکام بناتے ہوئے ایک تاریخی فتح حاصل کی جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، 1965ء کی جنگ امید کی کرن تھی، جس نے مصیبت کے وقت قوم کیلئے عزم کی مثال قائم کی، آج ان شہداء کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1947 سے پاکستان کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ان کو بھی خراج تحسین جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی اور جنگ میں لازوال قربانیاں دیں، شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، ہم ان سابق فوجیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جو بہادری سے لڑے، ان سابق فوجیوں کی بہادری اور بے لوثی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج تمام خطرات اور چیلنجوں سے ملک کے دفاع کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں، ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ستمبر 1965ء کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے وطن کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔

ہم اپنے تمام شہداء اور سابق فوجیوں کے خاندانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آئیے اس یوم دفاع اور شہداء کے موقع پر اپنے شہداء اور ہیروز کی یاد کو ملکر خراج عقیدت پیش کریں، ان کی قربانیاں ہمیں ایک مضبوط، زیادہ خوشحال اور پرامن پاکستان کیلئے جدوجہد کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں