اسرائیل اور امریکہ کی خفیہ ملاقات، لبنانی حزب اللہ کے ساتھ تناؤ کم کرنے پر تبادلہ خیال

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اسرائیل اور امریکہ کے درمیان ایک خفیہ ملاقات ہوئی جس میں امریکہ اور اسرائیل نے لبنان کے ساتھ تناؤ کم کرنے پر بات کی۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چار اسرائیلی اور امریکی عہدیداروں نے بتایا کہ امریکہ اور اسرائیل کے سینئر عہدیداروں نے لبنان کے ساتھ تناؤ کو کم کرنے اور اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان مکمل جنگ کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک ورچوئل میٹنگ کی۔

اس میں لبنان کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے اور ایک جامع حملے کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، ورچوئل میٹنگ ایک گھنٹہ جاری رہی، امریکی ٹیم کی قیادت وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کر رہے تھے۔

صدر بائیڈن کے مشیر اموس ہوچسٹین اور بریٹ میک گرک نے بھی شرکت کی، حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹیم کی قیادت وزیر برائے سٹریٹجک امور اور نیتن یاہو کے معتمد رون ڈرمر کر رہے تھے۔

اسرائیلی اہلکار کے مطابق فریقین نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کو ختم کرنے کے لئے ایک طویل المدتی سفارتی حل تک کیسے پہنچنا ہے، ایک ایسے منظر نامے میں جہاں غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا ہے اور لاکھوں بے گھر اسرائیلیوں اور لبنانیوں کو واپس جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

عہدیدار نے مزید بتایا کہ فریقین نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ممکنہ حالات میں لڑائی کو کیسے کم کیا جائے۔

دوسری جانب ڈرمر نے اس ملاقات کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا، وائٹ ہاؤس نے بھی تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں