سمندری طوفان 'یاگی' نے چین میں تباہی مچادی،2 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ

بیجنگ: (دنیا نیوز) سمندری طوفان یاگی نے چین میں تباہی مچا دی،طوفانی ہواؤں کے سبب مختلف واقعات میں 2افراد ہلاک، 92 زخمی اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کے ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سکول بند جبکہ سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئیں،145 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے درخت جڑ وں سے اکھڑ گئے۔

تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی تنصیبات گرنے سے 8 لاکھ افراد کو بجلی کی فراہمی منقطع رہی، ہانگ کانگ سٹاک ایکسچینج سمیت دیگر کاروباری مراکز بھی بند رہے۔

دوسری جانب چین کے بعد طوفان ویتنام سے بھی ٹکراگیا، ویتنام میں طوفان کے پیش نظر 4 ایئر پورٹس بند کردیئے گئے۔

یاد رہے کہ چین سے قبل سمندری طوفان نے فلپائن میں تباہی مچائی تھی، فلپائن میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 14 افراد ہلاک ہوئے، 105 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں ہر شے کو اڑا لے گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں