زمبابوے ٹی 10 لیگ: پی سی بی کرکٹرز کو این او سی دینے سے انکاری

لاہور: (ویب ڈیسک) زمبابوے کے شہر ہرارے میں 21 ستمبر سے شیڈول زم ایفرو ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شمولیت پر سوالیہ نشان لگ گیا کیونکہ پی سی بی قومی کرکٹرز کو این او سی دینے سے انکاری ہے۔

ذرائع کے مطابق زم ایفرو لیگ کے لیے 7 پاکستانی کرکٹرز کا انتخاب ہوا ہے جس میں شاہ نواز دھانی، آصف علی، حیدر علی، یاسر شاہ، محمد عرفان، شرجیل خان اور سلمان ارشاد شامل ہیں۔

شاہنواز دھانی، آصف علی اور حیدر علی اس وقت فیصل آباد میں ہونے والے پی سی بی چیمپئنز ون ڈے کپ کی ٹیموں کا حصہ ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال قومی کرکٹر کو لیگ کیلئے این او سی جاری نہیں کیا۔

پی سی بی حکام کا موقف ہے کہ زم ایفرو ٹی 10 لیگ کو تاحال آئی سی سی سے منظوری نہیں ملی اس لیے این او سی کیسے دیا جا سکتا ہے، آئی سی سی کی طرف سے لیگ کو منظوری ملنے تک کسی قومی کرکٹر کو این او سی نہیں ملے گا۔

پی سی بی این او سی نہ دینے کی پالیسی پر قائم رہتا ہے تو پھر فاسٹ باؤلر محمد عرفان اور سلمان ارشاد ہی اس لیگ میں کھیل سکیں گے کیونکہ دونوں کھلاڑی اس وقت پی سی بی کے کسی کنٹریکٹ کا حصہ نہیں۔

دوسری جانب زم ایفرو ٹی 10 لیگ کے ترجمان کا موقف ہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ آئی سی سی کا فل بورڈ ممبر ہے اور اس نے لیگ کرانے کی اجازت دی ہے لہٰذا اب آئی سی سی کی منظوری کی ضرورت نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں