سعودیہ اور مصر کے درمیان باہمی تعاون علاقائی سلامتی کیلئے اہم ہے: شہزادہ فیصل بن فرحان
قاہرہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے زور دے کر کہا ہے کہ سعودی عرب مصر کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب مصر تعاون علاقائی سلامتی کے لئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ جاری ہے، غزہ میں جنگ بندی میں تاخیر اس نظام کی ناکامی کا ثبوت ہے، ہم صرف اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین پر عمل کرنے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد پہنچانے کے لیے قاہرہ کی کوششوں کو سراہا، انہوں نے یہ بات قاہرہ میں عرب لیگ کے 162ویں اجلاس کے بعد سعودی اور مصری وزرائے خارجہ کی ایک پریس کانفرنس میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں داخل ہونے والی امداد میں رکاوٹیں ڈالنا جنگی جرم ہے۔
مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے کہا کہ قاہرہ اور ریاض غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔
عبدالعاطی نے کہا کہ مصر اور سعودی عرب بحیرہ احمر میں کشیدگی کو مسترد کرتے ہیں، انہوں نے زور دے کر کہا کہ مصر یمن میں بحران کے حل کے لئے سعودی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا ملک لبنان کو کشیدگی کی لعنت سے بچانے کے لئے رابطے کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ قاہرہ خطے میں کشیدگی کو روکنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے۔