پی ٹی آئی نے معیشت سے کھیل کھیلا، اب ملک مسائل سے نکل رہا ہے: مراد علی شاہ

کراچی :(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے معیشت سے کھیل کھیلا گیا، ملک کو سنبھالنے میں دو سال لگے ہیں، ملک ابھی مسائل سے نکلا نہیں، نکل رہا ہے۔

کراچی پریس کلب میں ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ آئین میں لکھا ہوا ہے اور آئین کوئی تبدیل کرنا چاہے تو کرلے۔

ان  کا کہنا تھا کہ آج کل جوڈیشل ریفارمز کی بات چل رہی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آج سے ایک سال قبل اپنے منشور میں آئینی عدالت کے قیام کے حوالے سے لکھا تھا اور آج کل کہا جارہا ہے کہ یہ ایک خاص مقصد کے تحت کیا جارہا ہے لیکن اس وقت تو کوئی ایسی بات نہیں تھی۔

انہوں نے کے۔ الیکٹرک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں پر کے۔الیکٹرک کا عذاب برپا ہے، کے۔الیکٹرک بورڈ میں کون لوگ ہیں مجھےنہیں پتہ، بورڈ کےلوگ اسلام آباد سے آتے اور چلے جاتے ہیں، ہم نےکے۔الیکٹرک کے بورڈ پر صوبائی حکومت کا نمائندہ رکھنے کی تجویز پیش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا اور پریس کلبز پر حقائق بتانے کی بھاری ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے، پہلے صحافت کا معیار بلند ہوتا تھا اب ہر موبائل فون والا صحافی ہے، صحافت کے غلط استعمال سے بہت نقصان ہوتے ہیں، اس وقت سب سے زیادہ نقصان صحافت کا ہوا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں