دہشتگرد اسرائیل اورامریکا کونہ روکا گیا توجنگ ایشیا تک پہنچ جائےگی: حافظ نعیم
فیصل آباد:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ دہشتگرد اسرائیل اور امریکا کونہ روکا گیا توجنگ ایشیا تک پہنچ جائے گی۔
فیصل آباد میں جماعت اسلامی کی جانب سے ’ فلسطین کی پکار‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کوکوئی لگام دینے والا نہیں ہے، اقوام متحدہ کے لیے شرم کا مقام ہے، اسرائیل کوامریکا کی پوری سرپرستی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت حالت جنگ میں ہے ، المیہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ میں جاری اجلاس کے دوران اسرائیل نے لبنان پر حملہ کیا ، اسرائیل نے حسن نصراللہ کو شہید کیا، کوئی اسے لگام دینے والا نہیں، اقوام متحدہ ظالموں کا ہاتھ نہیں روکتی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور یورپی ممالک انسانیت کے چیمپئن بنتے ہیں، اسرائیل کی پشت پر امریکہ ہے، جس کی مکمل سرپرستی کی جا رہی ہے، فلسطین میں ظلم کے پہاڑ توڑے گئے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غزہ دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بن چکی ہے، دنیا بھر سے یہودیوں کو لا کر فلسطین میں آباد کیا گیا، 1948 میں 25 ہزار فلسطینیوں کو شہید کیا گیا، لاکھوں بے گھر ہوئے، 77 سال سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم افواج کو اپنی قوم کو فتح کرنےسے فرصت نہیں مل رہی، یہ ہے امت مسلمہ کی کمزوری، لوگوں کو فرقوں میں بانٹا ہوا ہے۔
حافظ نعیم کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو متحد کرے گی، جاگیردار، وڈیرے حکومتوں میں بیٹھ کر فیصلے کرتے ہیں، یہی چاول، کپاس، چینی کا بحران پیدا کرتے ہیں۔