ایران کے مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے پر امریکا کی اسرائیل کو مراعات کی پیشکش

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) ایران کے مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے پر امریکا کی جانب سے اسرائیل کو مراعات دیئے جانے کی پیشکش کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی اخبار کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں مخصوص اہداف کو نشانہ بنائے تو اسرائیل کو امریکا مراعات دے گا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل پر واضح کیا گیا ہے کہ اگر وہ اہداف اے، بی، سی کو نشانہ نہ بنائے اور مخصوص اہداف کو نشانہ بنائے تو امریکا اسے مراعات دے گا۔

یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایران میں قابل قبول اہداف نشانہ بنانے پر اسرائیل کو سفارتی تحفظ اور فوجی پیکج بھی دیا جائے گا۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی پیشکش پر اسرائیلی حکام نے جواب دیا ہے کہ ہم امریکا کی بات کو اہمیت دیتے ہیں اور انہیں سنتے ہیں تاہم ہم اسرائیلی شہریوں کی حفاظت کیلئے جو ممکن ہوا وہ کر گزرنے کیلئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایران کی جانب سے اسرائیلی اہداف کو میزائل حملوں کا نشانہ بنانے کے بعد اسرائیل کی جانب سے جوابی کارروائی کا اعلان کیا گیا تھا۔
ادھر ایرانی جوہری مقامات پر حملے سے بچنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امریکی حکام نے مشورہ دیا ہے کہ اسرائیلی حکام گہری سانس لیں اور اپنی کامیابیوں کو شمار کریں، امریکی حکام نے یہ امید بھی ظاہر کی ہے کہ تل ابیب اب یہی کرے گا۔

یاد رہے کہ ایرانی حملے کے بعد امریکا نے اسرائیل کے ساتھ اسرائیلی حملے کے ممکنہ ایرانی اہداف سے متعلق اسرائیلی حکام سے بات چیت شروع کردی تھی اور اس سلسلے میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے چیف جنرل مائیکل کوریلا اس وقت بھی اسرائیل میں موجود ہیں۔

اسرائیل اور ایران کے درمیان اس ماہ کے اوائل میں میزائل حملے کے بعد دھمکیوں کا تبادلہ کیا جارہا ہے، اسی طرح غزہ کی پٹی میں بھی بمباری اور توسیعی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں