آج کے فورم سے واضح پیغام ہے پاکستان فلسطین کیساتھ کھڑا ہے: بلاول بھٹو
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آج کی آل پارٹیز کانفرنس دنیا کو پیغام ہے کہ پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔
مسئلہ فلسطین پر ایوان صدر میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ غزہ میں بربریت کو ایک سال ہوگیا ہے، پاکستان میں معاشی مسائل اور دہشت گردی کا سامنا ہے لیکن جہاں فلسطین کا مسئلہ ہوگا وہاں ہم سب ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کےفورم سےواضح پیغام ہےہم فلسطین کےساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم نےاقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی، وزیراعظم کا اقوام متحدہ میں اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر پرواک آؤٹ بہادر فیصلہ تھا، تمام سیاسی جماعتوں کا فلسطین کے حوالے سے وزیراعظم کو مکمل تعاون حاصل ہوگا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے فلسطین کے معاملے کو دنیا میں اٹھانا ہے، ہم عالمی سطح پر سفارتی جنگ لڑنے کو تیار ہیں، اگرباقاعدہ جنگ کی ضرورت ہوگی تو سب آپ کےشانہ بشانہ کھڑےہوں گے، آج پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں فلسطینیوں کےساتھ ہیں، ہم فلسطینی بہن بھائیوں کونہیں بھولے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں، اسرائیلی قیدی ایک بہانہ تھا ان کا مقصد پورے فلسطین پر قبضہ کرنا ہے، ہم نےدنیا میں صیہونیوں کی سازش کو بےنقاب کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور برطانیہ کےزیادہ ترعوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، سپین اور جنوبی افریقہ کو فلسطین کیلئے سٹینڈ لینے پر سلام پیش کرتا ہوں، اعلیٰ سطح کی کمیٹی پوری دنیا میں اسرائیلی سازش کو بےنقاب کرے، فلسطینیوں کو حق دلوانے کے معاملے پر ہم سب وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔