خیبرپختونخوا: طلبہ کو مفت کتابیں فراہم کرنیوالا بورڈ مالی مشکلات کا شکار

پشاور : (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں طلبہ کو مفت کتابیں فراہم کرنے والا بورڈ مالی مشکلات کا شکار ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق فنڈز کی عدم فراہمی پر خیبرپختونخوا میں طلبہ کو مفت کتابیں فراہم کرنیوالے بورڈ کو شدید مالی اور انتظامی مشکلات کا سامنا ہے، فنڈز نہ ہونے سے اگلے سال بروقت مفت کتب کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

دستاویز کے مطابق ٹیکسٹ بورڈ کے بقایات بڑھتے بڑھتے 14 ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں، رواں سال کتابوں کی چھپائی پر7 ارب روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی، 7 ارب میں سے صرف 3 ارب جاری کیے گئے جبکہ 4 ارب روپے اب بھی واجب الادا ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بورڈ کے2018 سے 2023 تک بقایاجات 10 ارب روپے ہیں جو تاحال ادا نہیں ہوسکے، مالی بوجھ کم کرنے کے لئے پرانی کتابوں کا دوبارہ استعمال جاری ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ اخراجات کم کرنے کے لئے اگلے سال کتابوں کا سائز کم کیا جائے گا، کتابوں کا سائز کم کرنے سے سالانہ 67 کروڑ روپے کی بچت ہوگی، رواں سال تقریبا 90 ہزار پرانی کتابوں کو دوبارہ استعمال میں لایا گیا ہے، اب تک 3 کروڑ 41 لاکھ 37 ہزار 508 مفت کتب طلبہ میں تقسیم کی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں