آغا علی کی اہلیہ حنا الطاف سے علیحدگی کی تصدیق
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار آغا علی نے دو سال بعد اہلیہ حنا الطاف سےعلیحدگی کی خبروں کی تصدیق کردی۔
حال ہی میں اداکارہ آغا علی احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے طلاق کی تصدیق کی۔
انٹرویو کے دوران آغا علی نے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت مشکل فیصلہ تھا اور زندگی میں کبھی اس کا تصور نہیں کیا تھا، میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ ہماری وجہ سے کسی اور جان (بچے) کو مشکلات نہیں اٹھانا پڑیں گی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں زندگی کا کوئی بھی رشتہ ہو جو آپ نے اپنی خوشی سے بنایا ہو تو اس کو قائم رکھنے کے لیے آپ کو جی جان لگاکر پوری کوشش کرنی چاہیے اور دعا کرنی چاہیے لیکن اگر چیزیں درست سمت میں نہ ہوں تو رشتہ ختم کردینا چاہیے۔
آغا علی نے کہا کہ اچھی چیز یہ ہے کہ ہم دونوں کبھی ایک دوسرے کی عزت کرنا نہیں چھوڑیں گے اور یہ سب سے اچھی بات ہے کیونکہ اکثر جب رشتہ ختم ہوتا ہے تو لوگ ایک دوسرے کی عزت نہیں کرتے اور نفرت پیدا ہوجاتی ہے، جب بری طرح رشتے ختم ہوں تو بغض اور نفرتیں ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ آغا علی اور حنا الطاف کی شادی مئی 2020 میں ہوئی تھی جب کہ 2022 میں ان کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں جسے آغا علی نے مسترد کردیا تھا تاہم اب اداکار نے دو سال سے زیر گردش طلاق کی خبروں کی تصدیق کردی ہے۔