08 اکتوبر 2005ء کے قیامت خیز زلزلہ کو 19 برس بیت گئے، غم آج بھی زندہ

مظفرآباد:(دنیا نیوز) 08 اکتوبر 2005 کے قیامت خیز زلزلہ کو 19 برس بیت گئے جس کے غم آج بھی زندہ ہیں۔

19 سال قبل آزاد جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 46 ہزار سے زائد افراد شہید ہوئے تھے، زلزلہ نے خیبر پختونخوا کے علاقوں کو بھی زد میں لے لیا تھا، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں مجموعی طور پر 86 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے تھے۔

دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزاد جموں کشمیر بھر میں شہدائے زلزلہ کی برسی آج منائی جائے گی، مظفرآباد میں مرکزی تقریب یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقد ہوگی، تقریب میں وزیراعظم ، وزراء، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سمیت دیگر افراد شرکت کریں گے۔

صبح 8:52 منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، وزیراعظم یادگار شہداء پر پھول چڑھائیں گے، اس موقع پر پولیس کے دستے سلامی بھی پیش کریں گے، زلزلہ میں سب سے زیادہ سرکاری املاک تباہ ہوئی تھیں۔

قیامت خیز زلزلہ میں آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد، باغ، نیلم ویلی، جہلم ویلی اور راولا کوٹ سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں