اقوام متحدہ کا اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگی جنون پر مبنی بیانات پر اظہار مایوسی
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری جنگی بیانات پر مایوسی ظاہر کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے شعبے کے لیے ترجمان روینہ شمداسانی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا ہے ہم اس صورت حال سے مایوس ہو گئے ہیں جو اسرائیلی اور حزب اللہ کے درمیان جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی ہفتے لبنانی عوام سے کہا گیا ہے کہ حزب اللہ کے خلاف کھڑے ہو جائیں بصورت دیگر ان کے ساتھ وہ سلوک ہو گا جو غزہ کے لوگوں اور حماس کے ساتھ کیا گیا ہے، یعنی تباہی کے لئے تیار ہو جائیں، یہ شہریوں کے خلاف تشدد کو براہ راست تسلیم کرنے والی بات ہے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا دھمکیوں پر مبنی اس انداز کا بیان ناقابل قبول ہے اور اقوام متحدہ کے اداروں خصوصاً انروا جو کہ 60 لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کو غزہ، مغربی کنارے، اردن اور شام میں مدد دے رہی ہے ان کے خلاف مہم ناقابل قبول ہے، یہ زہریلا بیانیہ کسی بھی طرف سے ہو اسے لازماً بند ہونا چاہے۔
خیال رہے اسرائیل کا اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے ساتھ رویہ ایک طویل عرصے سے معاندانہ ہے، اب 7 اکتوبر کے بعد اس کا یہ رویہ مزید شدت پسندانہ ہو گیا ہے، جب سے اس نے انروا کے 12 ملازمین پر الزام لگایا ہے کہ وہ حماس کے ساتھ حملوں میں ملوث تھے۔