نو ماہ میں صارفین کو ایک ارب سے زائد کا ریلیف دیا: بینکنگ محتسب
کراچی:(دنیا نیوز) بینکنگ محتسب نے رواں سال کے نو ماہ کے دوران بینک صارفین کو ایک ارب روپے سے زائد کا ریلیف فراہم کیا ۔
بینکنگ محتسب سراج الدین کے مطابق یکم جنوری تا 30ستمبر 18 ہزار 836 شکایات کا ازالہ کیا، صارفین کو 1 ارب 6 کروڑ روپے کی رقم واپس دلوائی۔
انہوں نے کہا کہ یکم جنوری سے 30 ستمبر تک بینکنگ محتسب کو 21 ہزار 904 شکایات موصول ہوئیں، شکایات میں وزیراعظم پورٹل کی 5 ہزار 277 شکایات بھی شامل رہیں، بینک محتسب نے صارفین کو ہدایت کی کہ اپنی ذاتی اور مالی معلومات کسی کو قطعاً ظاہر نہ کریں۔
سراج الدین کا مزید کہنا تھا کہ موبائل فون پر غیرمستند لنکس کو کلک نہ کریں، مشکوک کالز موصول ہونے پر اپنے بینک کی قریبی برانچ یا بینک کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں، مشکوک فون نمبرز کی اطلاع ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو بھی دیں۔