بھارتی شیر پونے میں ڈھیر: پوری ٹیم کیویز کیخلاف 156 رنز پر آؤٹ

پونے: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 156 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پونے میں کھیلے جا رہے سپنرز کے لیے سازگار وکٹ پر نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ڈیون کونووے اور رچن رویندرا کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 259 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تین وکٹیں تجربہ کار روی چندرن ایشون کے نام رہیں۔

بھارت نے میچ کے پہلے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 16 رنز بنا لیے تھے۔

کھیل کے دوسرے دن شبمن گل اور یشسوی جیسوال نے مل کر سکور کو 50 تک پہنچایا لیکن 49 رنز کی یہ شراکت اس وقت اختتام کو پہنچی جب مچل سینٹنر نے 30 رنز بنانے والے گل کو چلتا کیا۔

بھارت کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی صرف ایک رن بنانے کے بعد چلتے بنے جبکہ جیسوال بھی 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مشکل وقت میں ریشابھ پنٹ، سرفراز خان اور ایشون بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور ایک کے بعد ایک پویلین چلتے بنے، یوں بھارتی ٹیم 103 رنز پر 7 وکٹیں گنوا بیٹھی۔

اس مرحلے پر رویندرا جڈیجا کا ساتھ دینے واشنگٹن سدر آئے اور دونوں نے جارحانہ بیٹنگ کر کے رنز بٹورنے کا فیصلہ کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے 33 رنز کی قیمتی ساجھے داری بنائی لیکن مچل سینٹنر نے ایک مرتبہ پھر کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اننگز میں سب سے زیادہ 38 رنز بنانے والے جڈیجا کا کام تمام کر دیا۔

سینٹنر نے جلد بقیہ دونوں بھارتی کھلاڑیوں کی بھی پویلین واپسی کا سامان کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 156 رنز پر چلتا کردیا اور نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 103 رنز کی برتری حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ گلین فلپس نے 2 اور ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں