امریکا اور پاکستان کی 7 دہائیوں پر محیط طویل المدتی شراکت داری قائم ہے: امریکی سفیر

کراچی :(دنیا نیوز) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے بیچ 7 دہائیوں پر محیط طویل المدتی شراکت داری قائم ہے۔

امریکی قونصلیٹ کراچی کے شعبہ پبلک ڈپلومیسی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امریکا اور پاکستان کے بیچ 7 دہائیوں پر محیط طویل المدتی شراکت داری قائم ہے، جو صحت، تعلیم، توانائی، معاشی ترقی اور سکیورٹی جیسے شعبہ جات جیسی مشترکہ مفادات پر مبنی ہے۔

گزشتہ سالوں میں امریکا کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں 50 فیصد سے زائد ہوئی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط و مربوط معاشی تعلقات کی عکاس ہے، پاک امریکا باہمی تجارت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں ۔

پاکستان اور امریکا کے درمیان سرمایہ کاری کے شعبہ جات میں ماحول دوست توانائی اور پائیدار زراعت میں سرمایہ کاری کے علاوہ صحت عامہ میں تپ دق کے کنٹرول کے منصوبے شامل ہیں، اس کے علاوہ امریکا پاکستان گرین الائنس اور عوامی روابط کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات بھی شامل ہیں۔

دورکراچی میں 22 سے 25 اکتوبر تک امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے فریئر ہال کی تاریخی ثقافتی ورثے کی بحالی کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر کے امریکی سفیرکے فنڈ برائے ثقافتی تحفظ (AFCP) منصوبے کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کے دورانڈونلڈ بلوم نے کہا یہ نادر منصوبہ امریکی قونصل خانے اور سندھ ایکسپلوریشن اینڈ ایڈونچر سوسائٹی کی شراکت داری سے آج پایہ تکمیل کو پہنچا ہے، جو واضح طور پر ان تمام کاوشوں کی نمائندگی کرتا ہے جو امریکا اور پاکستان مل کر کرتے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فریئر ہال 2002 کے دھماکے میں متاثر ہوا تھا اوراس کی بحالی دونوں ممالک کے تعلقات اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کا عزم ظاہر کرتا ہے۔

دوسری جانب امریکی سفیر نے تپ دق کے خلاف پاکستان کی جانب سے کی گئی کاوشوں کو مزید تقویت دینے کے لیے سندھ حکومت کو 5 جدید تشخیصی موبائل گاڑیاں اور3 موبائل ایکسرے مشینیں بھی فراہم کیں، یہ آلات یوایس ایڈ پروگرام کے تحت دیے گئے تاکہ دور دراز علاقہ جات میں تپ دق کی تشخیص و علاج میں بہتری لائی جاسکے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں