انسانی حقوق کے علمبردار کشمیریوں پر بھارتی ظلم کا سنجیدہ نوٹس لیں: علی امین گنڈاپور

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔

یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، 1947 کو اسی دن بھارتی فورسز پہلی دفعہ کشمیر میں داخل ہوئیں، اُس دن سے آج تک کشمیریوں پر بھارتی حکومت کے ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کی مذمت اور کشمیریوں کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا سنجیدہ نوٹس لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، عالمی برادری کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کرانے میں کردار ادا کرے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فاشسٹ بھارتی حکومت نے اپنے آئین میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے وہاں پر بربریت کا نیا دور شروع کر رکھا ہے، ہم بھارت کے اس غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے، اس کے بغیرخطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہی نہیں، خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی، جس طرح کشمیری عوام طویل عرصے سے آزادی کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم آزادی کے لئے کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام حق خود ارادیت کے حصول میں کامیاب ہوجائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں