بے شمار ممالک بی آئی ایس پی طرز کا پروگرام نافذ کرنا چاہتے ہیں: روبینہ خالد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دنیا بھر کے ممالک کیلئے رول ماڈل ہے، بے شمار ممالک بی آئی ایس پی کی طرز کا سماجی تحفظ پروگرام نافذ کرنا چاہتے ہیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ بین الاقوامی ترقیاتی ادارے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ایک رول ماڈل کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 11 سے 14 نومبر تک 4 مغربی افریقی ممالک ہمارے سسٹم کا مطالعہ کرنے آ رہے ہیں، بی آئی ایس پی نے جدید ڈیٹا بیس کی بدولت قدرتی آفات جیسے کووڈ 19 اور سیلاب 2022 کے دوران متاثرین کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں بروقت امداد پہنچائی۔

روبینہ خالد کا مزیدکہنا تھا کہ یہ پاکستان کیلئے فخر کا مقام ہے کہ ہمارا ادارہ دنیا کے کئی ممالک کیلئے مشعل راہ ہے، متعدد غیر ملکی وفود وقتاً فوقتاً بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دورہ کرتے رہتے ہیں اور بطور کیس سٹڈی اس پر تحقیق بھی کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں