وزارت مذہبی امور کا نامناسب اور گستاخانہ مواد کی روک تھام کیلئے پی ٹی اے کو خط

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے سوشل میڈیا اور آن لائن پلیٹ فارمز پر فحش اور گستاخانہ مواد کی روک تھام کے لیے پی ٹی اے کو خط لکھ دیا۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ پاکستان فحش مواد دیکھنے کے حوالے سے سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات (جنوری 2016، مئی 2016 اور مارچ 2018) کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے اس طرح کے مواد کو بلاک کرنے کے لیے کیے گئے فعال اقدامات کے باوجود یہ دیکھا گیا ہے کہ فحش اور گستاخانہ مواد اب بھی متعدد آن لائن پلیٹ فارمز پر آسانی سے قابل رسائی ہے۔

متن کے مطابق یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ اگرچہ پی ٹی اے نے اس طرح کے مواد تک رسائی کو بلاک کر کے اس مسئلے کو روکنے کے لیے اہم کوششیں کی ہیں، تاہم ایسا مواد اب بھی آن لائن قابل رسائی ہے جو ہماری ثقافتی اور مذہبی اقدار کی خلاف ورزی ہے۔

وزارت مذہبی امور نے اپنے خط میں کہا ہے کہ اس طرح کے مواد کی وسیع پیمانے پر دستیابی شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں کو باز رکھنے کی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہے، یہ بات سپریم کورٹ کی ہدایات کی تعمیل اور مواد کے ضوابط کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کی اہلیت کے حوالے سے بھی سنگین خدشات کا باعث ہے۔

خط میں وزارت مذہبی امور نے درخواست کی ہے کہ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر PTA فحش، گستاخانہ اور دیگر نقصان دہ آن لائن مواد کو جلد از جلد وقت پر بلاک کرنے اور ان تک رسائی کو روکنے کے لیے تمام ضروری اور دستیاب تکنیکی اقدامات کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں