وزیر اعظم کی ہدایت پر بارش کیلئے نماز استسقاء کی ادائیگی کا سرکلر جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آج ملک بھر میں نماز استسقاء کا اہتمام کرنے کا سرکلر جاری کر دیا گیا۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے وفاق اور صوبائی سطح پر نمازِ استسقاء کے اہتمام کی ہدایت کی گئی ہے، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے سیکرٹری اوقاف کو اس حوالے سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خشک سالی سے ملک میں صحت اور سموگ کے مسائل ہیں، مساجد کے امام اور عوام نمازِ استسقاء کا لازمی اہتمام کریں۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوام اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلب کرتے ہوئے باران رحمت کی دعا کریں۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے باران رحمت کے لیے نمازِ استسقاء ادا کرنے کی اپیل کی تھی۔
وزیرِ اعظم نے اپنے بیان میں قوم سے درخواست کی تھی کہ نمازِ استسقاء ادا کریں اور اللہ تعالیٰ سے باران رحمت کے لیے خصوصی دعاء مانگی جائے، علمائے کرام اور مشائخ خاص طور پر نمازِ استسقاء کے اہتمام میں اپنا کردار ادا کریں۔