معیشت پر سمجھوتہ کرنے سے پاکستان پیروں پر کھڑا نہیں ہو سکتا: گورنر سندھ
کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ معیشت پر سمجھوتہ کریں گے تو پاکستان پیروں پر کھڑا نہیں ہوسکتا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ سٹاک مارکیٹ میں آج نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے، آج خوشی کا دن ہے، کراچی کے تاجروں کو بھی ہمیں نہیں بھولنا چاہیے، کراچی کے بروکرز کئی سالوں سے سٹاک ایکسچینج میں اپنا فعال کردار ادا کررہے ہیں، پاکستان میں معیشت بہتر ہوگی تو سیاست بھی اچھی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کر معاشی ترقی کیلئے کوشش کرنی ہے، پی ٹی آئی یا کسی بھی سیاسی جماعت کو معیشت پر مل کر کام کرنا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آئیں اور مبارکباد دیں، آج سٹاک ایکسچینج کے مینجنگ ڈائریکٹر اور پوری ٹیم کو گورنر ہاؤس میں آنے کی دعوت دی ہے۔
کامران ٹیسور ی کا کہنا تھا کہ گورنر کے عہدے کا سیاست سے تعلق نہیں، میرے لیے تمام سیاسی جماعتیں برابر ہیں، بانی پی ٹی آئی بہت سارے احکامات جیل سے دیتے ہیں، عمران خان آج جیل سے ہی مبارکباد کا پیغام دے دیں، بانی پی ٹی آئی کی مبارکباد سے سٹاک ایکسچینج مزید بہتر ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنان گرفتار ہوئے، جو ضمانت کرانے کے خرچے کو برداشت نہیں کر سکتے میں ان کی ضمانت کیلئے تیار ہوں، ہر پاکستانی کو ملک میں آنے کا حق حاصل ہے، باہر بیٹھ کر سیاست نہ کریں، پاکستان آئیں اور پھر سیاست کریں۔