کورین سفیر نے سرگودھا میں سالانہ کینو سیزن 25-2024 کا افتتاح کر دیا
سرگودھا: (دنیا نیوز) کورین سفیر پاک کی جون نے سرگودھا میں سالانہ کینو سیزن 25-2024 کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چودھری شعیب احمد بسرا، حسن یوسف، ساجد حسین تارڑ موجود تھے، کورین سفیر اور سفارتی عملے نے تازہ کینو اور فرش جوس پی کر ذائقے اور کوالٹی کا جائزہ لیا۔
کورین سفیر نے باغوں سے فیکٹری اور کینو کی پیکنگ تک کے عمل کا بغور جائزہ لیا، پیکنگ کے دوران کورین سفیر نے مختلف یونٹس کا دورہ کیا اور معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر کوریا کے سفیر پاک کی جون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینو کی برآمدات سے پاکستان کو سالانہ اربوں روپے کا زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے، پاکستانی کینو کیلئے کوریا تک رسائی دینے کو تیار ہے، پاکستانی کینو ذائقہ میں اپنی مثال آپ ہے۔
سابق صدر چیمبر آف کامرس چودھری شعیب احمد بسراء نے کورین سفیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آج سے دنیا بھر میں کینو کی برآمدت کا سلسلہ شروع ہوگیا، منسٹری آف کامرس پاکستان نے امسال 2 لاکھ ٹن کینو برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، امسال کینو کی برآمدات سے پاکستان کو 100 ملین ڈالر کی آمدنی متوقع ہیں۔
سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈرڑ اینڈ سمال انڈسڑی کے صدر محمد حسن یوسف اور سمال چیمبر کے 10 رکنی وفد نے بھی کورین سفیر کے ہمراہ فیکٹری کا دورہ کیا۔