بجلی بلز کے بقایا جات کیلئے وزیر توانائی نے چاروں صوبوں کو خطوط لکھ دیئے

اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) ملک بھر میں بجلی بلز کی مد میں بقایاجات کی وصولی کے لیے خیبرپختونخوا کے بعد دیگر صوبوں کو بھی خطوط لکھ دیئے۔

اویس لغاری کی جانب سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کو بھی خطوط بھیج دیئے گئے، خطوط میں کہا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں کی بہتری کے لیے اصلاحات کر رہے ہیں، بجلی چوری کے خاتمے اور ریکوریاں بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

خطوط میں وزرا اعلیٰ سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر بجلی کے بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنائیں، بقایاجات کی وجہ سے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات متاثر ہو رہی ہیں۔

وزیر توانائی نے خطوط میں کہا کہ بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پاور کمپنیوں پر مالی بوجھ بڑھ رہا ہے، واجب الادا بلز کی وجہ سے بجلی کی بلا تعطل سپلائی میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

اویس لغاری نے خطوط میں وزرا اعلیٰ سے اس معاملے میں فوری اور ذاتی مداخلت کی اپیل ہے، انہوں نے کہا کہ بقایا جات کی عدم ادائیگی سے گردشی قرض بڑھے گا۔

وفاقی وزیر توانائی کے مطابق صوبہ سندھ وفاق کا 58 ارب 68 کروڑ روپے کا مقروض ہے، حیسکو نے 21 ارب سے زائد کی ادائیگیاں بجلی بلوں کی مد میں کرنی ہیں، سپیکو کے ذمہ 38 ارب روپے واجب الادا ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں