داعش کو دوبارہ ابھرنے نہ شام کو دہشتگردی کا پلیٹ فارم بننے دیں گے: امریکا
بغداد: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے عراقی وزیراعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران شام کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن غیر اعلانیہ دورے پرعراق پہنچے جہاں انہوں نے عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی، بغداد میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے شام کی تازہ صورتحال اور داعش کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد یہ عراق کے لئے اپنی خودمختاری کو مستحکم کرنے کا لمحہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور عراق نے مشترکہ طور پر اس علاقائی خلافت کا راستہ روکنے میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے جو برسوں پہلے داعش نے قائم کی تھی۔
انتونی بلنکن نے مزید کہا کہ شام میں داعش کی موجودگی کے پیش نظر اس کامیابی کی اہمیت عراق سے زیادہ کوئی نہیں جانتا اور ہم پرعزم ہیں کہ داعش کو دوبارہ ابھرنے نہیں دیں گے اور نہ ہی شام کو دہشت گردی کا پلیٹ فارم بننے دیں گے۔
واضح رہے کہ بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد انتونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں اور اس دورے میں عراق ان کی آخری منزل تھی، قبل ازیں وہ ترکیہ گئے تھے جہاں انہوں نے ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات کی تھی۔