قابل اعتماد شواہد مختلف شعبوں میں ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں: رومینہ خورشید
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ قابل اعتماد شواہد مختلف شعبوں میں ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
رومینہ خورشید عالم نے اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کے زیر اہتمام تین روزہ صلاحیت سازی ورکشاپ ”ڈیٹا فار ڈویلپمنٹ“ کی اختتامی تقریب سے خطاب کیا جس کا انعقاد موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کی وزارت، سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ اور دیگر ترقیاتی شراکت دار تنظیموں کے تعاون سے کیا گیا تھا۔
رومینہ خورشید نے کہا کہ یہ رجحان، صارفین کے رویے اور مارکیٹ کی ضروریات کے بارے میں بصیرت فراہم کرکے جدت کو فروغ دیتا ہے، سماجی و اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں ڈیٹا کا کردار بہت سے ممالک میں اہم ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق پالیسیاں تیار کرنے، پروگراموں کو ڈیزائن کرنے اور ترقیاتی کوششوں میں جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے قابل اعتماد ڈیٹا ضروری ہے، سیاستدانوں اور پالیسی سازوں کو سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے اعداد و شمار کی طاقت کو سمجھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مؤثر گورننس اور پالیسی سازی کے لئے شواہد پر مبنی فیصلوں کی ضرورت ہوتی ہے، درست، حقیقی وقت کا ڈیٹا اہم ہے کیونکہ یہ ملک میں پالیسی سازوں کو تعلیم، صحت، زراعت اور انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں انتہائی اہم ضروریات کی نشاندہی کرنے میں مدد کرسکتا ہے۔
رومینہ خورشید کا مزید کہنا تھا کہ ڈیٹا مختلف ترقیاتی اہداف میں پیشرفت کو ٹریک کرنے میں بھی مدد کرتا ہے جس میں غربت میں کمی، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال میں بہتری بھی شامل ہے۔