امریکا نے یوکرین کیلئے 50 کروڑ ڈالر کے نئے فوجی امدادی پیکج کا اعلان کر دیا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے یوکرین کے لئے مزید 50 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد کے نئے پیکج کا اعلان کر دیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ امریکا یوکرین کو فوری طور پر درکار ہتھیاروں اور آلات کا ایک اور اہم پیکیج فراہم کر رہا ہے جس میں دیگر آلات کے ساتھ ساتھ HIMARS راکٹ لانچرز، آرٹلری گولہ بارود، ڈرونز، بکتر بند گاڑیاں اور کیمیائی، حیاتیاتی، ریڈیولاجیکل اور جوہری حملوں سے حفاظت کے لئے گولہ بارود شامل ہے۔
یہ امداد ایک ماہ قبل امریکا کی طرف سے یوکرین کے لئے اعلان کردہ 988 ملین ڈالر کی فوجی امداد اور 725 ملین ڈالر کے ایک دوسرے فوجی امداد کے پیکجز کے علاوہ ہے۔
واضح رہے کہ سبکدوش ہونے والی امریکی انتظامیہ آئندہ ماہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے سے پہلے یوکرین کو زیادہ سے زیادہ امداد دینے کے لئے کام کر رہی ہے۔