لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا یوم شہادت، پاک فوج کے سربراہان کا خراج عقیدت پیش

راولپنڈی: (دنیا نیوز) لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کا 53 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے شہید لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

لانس نائیک محمد محفوظ 25اکتوبر 1944ء کو ضلع راولپنڈی کے علاقہ پنڈ ملکاں محفوظ آباد میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1962ء میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی،71ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران لانس نائیک محمد محفوظ 10 پنجاب رجمنٹ کے ساتھ منسلک تھے اور واہگہ اٹاری سیکٹر پر تعینات تھے۔

انہوں نے بڑی شجاعت اور دلیری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے 18 دسمبر 1971ء کو جام شہادت نوش کیا، انہیں بہادری کے اعتراف میں پاک فوج نے اعلیٰ ترین اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک محمد محفوظ شہید کا یوم شہادت غیر معمولی جرات اور غیر متزلزل حب الوطنی کی علامت کے طور پر مناتے ہیں، واہگہ بارڈر پر 1971ء کی جنگ کے دوران بہادری اور بے لوث قربانی مسلح افواج کے ناقابل تسخیر جذبے کا مظہر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دشمن کی پوزیشنوں پر ان کا بے خوف حملہ غیر معمولی بہادری اور ثابت قدمی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں