اسحاق ڈار سے مصر کے وزیر خارجہ کی ملاقات، سیاسی، دفاعی تعلقات مستحکم کرنے پر اتفاق

قاہرہ: (ویب ڈیسک) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قاہرہ میں ڈی ایٹ وزارتی اجلاس کے موقع پر مصر کے وزیر برائے امور خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ڈی ایٹ سربراہ اجلاس اور وزارتی اجلاس کی میزبانی پر مصری حکومت کو مبارکباد دی اور پرتپاک مہمان نوازی پر وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات کو سراہتے ہوئے سیاسی، دفاعی، ثقافتی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری نسل کشی اور مغربی کنارے میں مظالم سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، غزہ میں جاری اسرائیلی نسل کشی پر شدید تنقید کی، انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا تاکہ بے گناہ فلسطینیوں کی جانوں کے مزید ضیاع کو روکا جا سکے۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غزہ کے عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے اور مقبوضہ فلسطین میں جنگ بندی کے لئے سفارتی کوششوں پر مصر کے کردار کو سراہا، دونوں وزرائے خارجہ نے جون 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک قابل عمل، متصل اور آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو کے قیام کی دوٹوک حمایت کا بھی اظہار کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں