پاکستان، یواے ای کا تاریخی رشتہ مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کرتے ہیں: صدر مملکت

اسلام آباد:(دنیا نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی رشتہ ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوستی مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ قومی دن کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اتحاد کے بعد سے جنہوں نے قابل ذکر ترقی کی جس سے عرب امارات تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں عالمی مرکز کے طور پر ابھرا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی رشتہ ہے، شیخ زائد بن سلطان النہیان نے دونوں ممالک کے مابین پائیدار تعلقات کی بنیاد رکھی، دونوں ممالک کے تعلقات مذہب، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے قیام سے چھ ماہ قبل ہی سفیر بھیج کر سفارتی نمائندگی قائم کی۔

صدرمملکت کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کی حمایت کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، دونوں ممالک کے مابین قابل اعتماد اسٹریٹجک شراکت داری ہے، اور یواے ای  پاکستان کے اہم اقتصادی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تجارت مسلسل بڑھ رہی ہے، متحدہ عرب امارات میں مقیم 18 لاکھ پاکستانیوں سے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملی۔

صدرمملکت کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ امارات کے ساتھ آئی ٹی ، توانائی، زراعت ، سیاحت سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، پاکستان کی اقتصادی بحالی میں تیزی آ رہی ہے اورسرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے کاروباری اداروں کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، یقین ہے کہ مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں سے دو طرفہ تعاون مزید گہرا ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں