چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی عزت، کوئی حرف نہیں آنے دینگے: محسن نقوی
لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے اور اس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت گورننگ بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں شرکاء کو چیمپئنز ٹرافی سے ٹورنامنٹ سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں 76واں اجلاس ہوا جس میں گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں گورننگ بورڈ کے اراکین، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ، پی ایس ایل کے ہیڈ سلمان نصیر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
شرکاء کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، اسکے علاوہ سٹیڈیمز کی تعمیر نو پر بھی بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گورننگ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اعتماد میں لیا، اس موقع پر اراکین نے آئی سی سی ٹورنامنٹ پر چیئرمین کے اصولی موقف کو سراہا۔
محسن نقوی نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن سے ہی پاکستان اور کرکٹ کی جیت کی بات کر رہا ہوں، بورڈ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے ہر لحاظ سے تیار ہے، چیمپئنز ٹرافی کے لئے ہر طرح کی تیاریاں مکمل ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل سٹیڈیمز کی تعمیر نو کا کام مکمل ہو جائے گا، پوری ٹیم دن رات سٹیڈیمز کی تعمیر نو پر محنت سے کام کر رہی ہے
انہوں نے اپنے موقف کو دہرایا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے اور اس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے، پاکستان کے اصولی موقف کو ہر کسی نے سراہا ہے، تمام ٹیموں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہیں گے، ہمارے شائقین کرکٹ تمام ٹیموں کو اپنے گراؤنڈز پر کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ کرکٹ میں سیاست کے خلاف ہوں، اس کھیل سے کروڑوں شائقین محبت کرتے ہیں، ہمیں اس میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے، کھیل کو کھیل رہنا چاہیے۔