وزیر خزانہ سے جاپانی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے جاپان کے سفیر نے ملاقات کی جس میں اقتصادی اصلاحات، دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے جاپانی سفیر کا اسلام آباد میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ساتھ جاپان کی دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے جاپانی سفیر کو پاکستان کے میکرو اکنامک استحکام میں مثبت پیشرفت، ٹیکسیشن، خصوصی اقتصادی زونز اور توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات بارے آگاہ کیا ، ملاقات میں نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں اہم اصلاحات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے، آبادی میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات جیسے مسائل پر توجہ مرکوز ہے۔