اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا

تہران: (دنیا نیوز) اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران پر فضائی حملے کر دیئے، اسرائیل نے آپریشن رائزنگ لائن میں ایران کے درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر پیشگی حملہ کر دیا ہے، اسرائیلی فوجی عہدیدار کے مطابق اسرائیل نے ایران کے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس چند دنوں میں 15 جوہری بم بنانے کے لئے کافی مواد موجود ہے، اسرائیل یقینی بنارہا ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔
اسرائیلی میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران پر پیشگی حملے کئے گئے ہیں تاہم ابھی حملوں کا ہدف نہیں بتایا گیا۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں زور دار دھماکے کی آوازیں سنی گئی ہیں، پریس ٹی وی کے مطابق تہران کے بعض علاقوں میں بھی زور دار دھماکوں کی آوازییں سنی گئی ہیں۔
دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر الرٹ ہے، اس کے علاوہ ایران نے تہران کے امام خمینی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل کر دی ہیں، عراق نے بھی اپنا فضائی آپریشن معطل کر دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی میڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل کسی بھی وقت ایران پر حملہ کرسکتا ہے اور اسرائیل نے ایران پر حملے کی پیشگی اطلاع امریکا کو بھی کردی ہے۔