بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی بڑی کارروائی، 1500 کلو حشیش برآمد

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان نیوی کے بحری جہاز یمامہ نے بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولنگ کے دوران کامیاب اینٹی نارکوٹکس آپریشن انجام دیا، جس کے نتیجے میں ایک ہزار 500 کلوگرام حشیش ضبط کی گئی جس کی مالیت تقریباً 3 ملین امریکی ڈالر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی ملک کے سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کے تدارک اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ نیوی باقاعدگی سے آر ایم ایس پی مشنز کے ذریعے قومی سمندری مفادات کا تحفظ کرتی ہے اور علاقائی و بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے سمندری سیکیورٹی کو مضبوط بنانے میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی پاکستان نیوی کی غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مسلسل اقدامات اور سمندری تحفظ کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں