پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تعاون کے 7 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 7 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے گئے۔
وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر پرابوووسو بیانتو کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب ہوئی۔
پاکستان اورانڈونیشیا کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ کر لیا گیا، پاکستانی طلبا کی انڈونیشیا میں اعلیٰ تعلیم کیلئے انڈونیشین ایڈ سکالر شپ پروگرام پر دستخط کئے گئے۔
یہ بھی پڑھئے: انڈونیشین صدر کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ، مسلح افواج کے دستے نے سلامی دی
چھوٹے اوردرمیانے کاروبارکی ترقی کیلئے تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا جبکہ پاکستان اورانڈونیشیا کے درمیان تاریخی دستاویزات اورریکارڈ محفوظ بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان منشیات سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مفاہمتی یادداشت، حلال تجارت اورسرٹیفکیشن کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔
پاکستان اورانڈونیشیا کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا۔