کتے نے خون عطیہ کر کے 7 کتوں کی جان بچا لی

تلنگانہ: (ویب ڈیسک) ہم نے اکثر انسانوں کی جانب سے خون عطیہ کر کے زندگیاں بچاتے ہوئے دیکھا یا سنا ہے مگر جانور بھی دوسرے جانوروں کیلئے لائف سیور ہوتے ہیں۔

انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع کھمم کے ڈسٹرکٹ ویٹرنری ہسپتال کا مقیم کتا اس وقت سرخیوں میں ہے جس نے خون عطیہ کر کے نہ صرف سب کو حیران کیا بلکہ زندگیاں بھی بچائیں۔

رپورٹ کے مطابق تقریباً ایک سال قبل پلی نامی کتا ویٹرنری ہسپتال کے قریب بیمار، کمزور اور لاوارث پایا گیا تھا، بگڑتی حالت دیکھ کر عملے نے اس کا علاج شروع کیا تو وہ مناسب غذا اور دیکھ بھال سے آہستہ آہستہ صحتیاب ہونے لگا۔

کتے نے صحتیاب ہونے کے بعد بھی ہسپتال نہیں چھوڑا بلکہ وہ اس کے احاطے میں ہی ٹھہرا اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں، نرسوں اور عملے کا مانوس ہوگیا، ڈاکٹروں نے مشاہدہ کیا کہ کتا نہ صرف صحت مند ہوگیا ہے بلکہ پرسکون اور اچھا سلوک بھی کرنے لگا ہے جس کی وجہ سے وہ ایک بہترین خون کا عطیہ دہندہ بن گیا۔

ڈسٹرکٹ ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر سرینواس راؤ اور ڈاکٹر کشور کے مطابق پلی اب تک 7 بار خون کا عطیہ کر چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر ایک عطیہ ہنگامی حالات کے دوران دیا گیا جب زخمی یا شدید بیمار کتوں کو زندہ رہنے کیلئے فوری طور پر خون کی منتقلی کی ضرورت ہوتی تھی، ایسے معاملات میں پلی کا خون زندگی بچانے والا ثابت ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں