حیدرآباد: ایاز میلے کی اختتامی تقریب میں گلوکاروں کا فن کا مظاہرہ
حیدرآباد: (دنیا نیوز) ایاز میلے کی اختتامی تقریب میں شہر بھر سے آئے ہزاروں افراد نے موسیقی اور رقص کے حسین امتزاج کا لطف اٹھایا، معروف گلوکاروں اور فنکاروں کی پرفارمنس نے اس محفل کو یادگار بنا دیا۔
تقریب میں معروف گلوکارہ صنم ماروی، تاج مستانی، مانجھی فقیر، احمد مغل، برکت فقیر، جواہر لال، اور سکندر شفیع فقیر سمیت کئی فنکاروں نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
گلوکار عزت علی، سانگھڑ جمن دربدر، سچل سانگ، جبن سومرو، ارسلان علی، ذیشان خان، گرمجوشی خان، زید خان، جواد خان اور دیگر نے بھی اپنے آواز کا جادو چلایا اور حاضرین کو محظوظ کیا۔
صنم ماروی اور مانجھی فقیر کی گائیگی نے محفل میں سماں باندھ دیا جبکہ معروف رقاصہ شیما کرمانی نے اپنے کلاسیکل رقص سے حاضرین کے دل جیت لیے۔
ادب ، موسیقی اور رقص کا یہ حسین امتزاج ایاز میلے کی اختتامی تقریب کو ایک لاجواب تجربہ بنا گیا جس نے حاضرین کو پوری محفل میں جھومنے پر مجبور کر دیا۔