صبا قمر کے خلاف پولیس یونیفارم تنازع، اداکارہ کا طنز و مزاح سے بھرپور ردعمل
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی، مگر اس بار وجہ کوئی نیا ڈراما یا فلم نہیں بلکہ ان کے خلاف دائر کی گئی قانونی درخواست ہے۔
لاہور کی سیشن کورٹ میں صبا قمر کے خلاف ایک درخواست جمع کرائی گئی جس میں الزام لگایا گیا کہ انہوں نے سرکاری اجازت کے بغیر پولیس کی وردی پہنی، یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں اداکارہ کو ڈریسنگ روم میں ایس پی کی وردی پہنے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے اور بحث شروع ہو گئی۔
تنازع کے دوران صبا قمر نے دیوا میگزین کے ایڈیٹر اِن چیف راحیل راؤ کی انسٹاگرام پوسٹ کو ری شیئر کیا جس میں انہوں نے اداکارہ کا بھرپور دفاع کیا، راحیل راؤ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر کوئی اداکار پولیس افسر کا کردار ادا کر رہا ہو تو کیا یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ دلہن کے لباس یا لان کے سوٹ میں نظر آئے؟ ان کا کہنا تھا کہ کردار ہمیشہ کہانی اور سکرپٹ کے مطابق لباس پہنتے ہیں، نہ کہ کسی کی من گھڑت سوچ کے تحت۔

راحیل راؤ کے بیان پر صبا قمر نے بھی مزاحیہ انداز میں ردعمل دیا اور انسٹاگرام سٹوری پر لکھا اوہ خدایا! لگتا ہے آج کل میں بہت زیادہ مشہور ہو گئی ہوں، ساتھ مسکراتے ہوئے ایموجیز شامل کیے جسے سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ قرار دیا۔