چوہدری شجاعت حسین سے حافظ طاہر اشرفی کی ملاقات، خیریت دریافت کی

لاہور: (دنیا نیوز) صدر پاکستان مسلم لیگ و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین سے چئیرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے، حافظ طاہر محمود اشرفی نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی ملک اور قوم کے لئے لازوال خدمات ہیں، چوہدری شجاعت حسین اور ان کے خاندان نے ختم نبوتؐ اور دین کیلئے بہت کام کیا ہے، کوئی دینی کام ان کے خاندان کے بغیر نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جب چوہدری سالک حسین کے پاس مذہبی امور کی وزارت تھی تو حج کے بہترین اور شفاف انتظامات تھے، حج کے فریضہ کی ادائیگی کیلئے کسی کو ایک روپے کی رشوت بھی نہیں دینا پڑی۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ چوہدری سالک حسین اور چودھری شافع حسین عوام کی بھر پور خدمت کر رہے ہیں۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی بھرپور حفاظت کررہی ہیں، بہادر افواج نے مئی کی جنگ میں بھارت کو ایسا سبق سکھایا جسے وہ کبھی نہیں بھول سکتا۔

شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردوں کیخلاف بھی برسر پیکار ہے، ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے امن کا قیام ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور سکیورٹی ادارے ملک میں امن کی فضا برقرار رکھنے کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں، پوری قوم قیام امن کی کاوشوں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے محکمہ اوقاف کے امور میں بہتری لانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، صوبائی وزیر نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات بارے بھی بتایا۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے امور کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے، محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات اور مساجد کی تزئین و آرائش کا پروگرام جاری ہے، داتا دربار کے توسیعی منصوبے پر بھی تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور کا کہنا تھا کہ علماء کرام کی مشاورت سے قرآن بورڈ اور علماء بورڈ تشکیل دیا جارہا ہے، قرآن کمپلیکس کی شاندار عمارت کو دینی علوم کی ترویج کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کی اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کیلئے بھی بھرپور مہم جاری ہے، محکمہ اوقاف کو ہرقسم کی کرپشن سے پاک کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں