ریحام رفیق کا ڈپریشن سے گزرنے کا انکشاف، ذہنی صحت پر آگاہی کی اپیل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ریحام رفیق نے ڈپریشن کا سامنا کرنے کا انکشاف کیا۔

ذہنی دباؤ کے باعث سوشل میڈیا سے دور رہنے والی اداکارہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں اداکارہ کو ذہنی کیفیت سے گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ریحام رفیق نے اپنی پوسٹ کے ذریعے مداحوں اور عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص اپنی ذہنی مشکلات کے بارے میں بات کرے تو اس کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں، اس کی بات کو سنجیدگی سے لیں اور اسے اظہار کا محفوظ ماحول فراہم کریں۔

اداکارہ نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ وہ یہ ذاتی لمحات ہمدردی حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ آگاہی کے مقصد کے تحت شیئر کر رہی ہیں، ذہنی صحت کوئی ڈرامہ نہیں بلکہ ایک تکلیف دہ حقیقت ہے اور بعض اوقات روزمرہ زندگی گزارنا بھی مشکل محسوس ہونے لگتا ہے۔

ریحام رفیق کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ ذہنی صحت کے حوالے سے آواز بلند کرتی رہیں گی چاہے اس پر لوگ تنقید ہی کیوں نہ کریں، انہوں نے اس سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا جو اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اداکارہ کی پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جہاں متعدد افراد نے ان کی جلد صحت یابی، حوصلے اور بہتر ذہنی صحت کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں