2025ء : پاکستان میں ٹک ٹاک سرچز پر کرکٹ، سفر، تفریح کا غلبہ رہا

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک نے پاکستان میں 2025 میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کی سالانہ جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں سفر، غذا، کھیل، فلمیں، موسیقی اور تفریحی ڈیجیٹل سرچز شامل ہیں۔

ٹِک ٹاک کے مطابق پلیٹ فارم پر تلاش کے رجحانات سے ظاہر ہوا ہے کہ لوگ اسے حقیقی زندگی دریافت کرنے کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کرتے ہیں جہاں وہ مقامات کی تلاش اور مختلف موضوعات پر انفلوئنسرز سے متعلقہ رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا کے اہم ترین پلیٹ فارم ٹک ٹاک کے جنوبی ایشیا کانٹینٹ آپریشنز کے سربراہ عمیس نوید نے کہا کہ خواہ کرکٹ کے تازہ ترین لمحات کی تلاش ہو، چھٹیوں کی سیر کی منصوبہ بندی، کچھ نیا سیکھنا ہو یا خریداری سے پہلے عوامی رائے اور جائزے چیک کرنے ہوں، پاکستانی اپنے روزمرہ کے فیصلے کرنے کے لیے ٹک ٹاک کا رخ کر رہے ہیں۔

ٹک ٹاک کے مطابق اسلام آباد، ہنزہ کا قلعہ التیت، دریائے چناب اور لاہور اور کراچی شہروں کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا، سب سے زیادہ تلاش کردہ خبریں اور لمحات کے زمرے میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم کی سنچری سرچز پر حاوی رہی، اس کے بعد جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف پاکستان کے کرکٹ میچز تھے، سیلاب سے متعلق معلومات بھی اس زمرے میں مقبول رہیں۔

سب سے زیادہ تلاش کردہ نغمات کے زمرے میں گلوکاروں مانو اور انورال خالد کا پاکستانی ںغمہ جھول چھایا رہا جبکہ بھارتی فنکار شوبھ کا سپریم اور Afusic کا پل پل بھی اس سال سب سے زیادہ تلاش کردہ نغمات میں شامل تھا۔

کھانے کی سب سے زیادہ تلاش کردہ اشیاء میں اس سال ٹک ٹاک پر لاوا برگر اور دبئی چاکلیٹ شامل تھے جبکہ کرکٹرز میں سرِفہرست بابراعظم اور ان کے بعد بھارتی کرکٹر ابھیشیک شرما رہے۔

تخلیق کاروں میں ٹک ٹاک پر اس سال سب سے زیادہ علینہ عامر، جنت مرزا، خضر عمر اور کنول آفتاب کو جبکہ شوبز شخصیات میں عمران اشرف، فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کو تلاش کیا گیا۔

ٹک ٹاک نے کہا کہ اس سال ہیش ٹیگ #TravelTok سے منسلک سرچز میں 53 فیصد، #FoodTok والے سرچز میں 52 فیصد جبکہ ایک اور مقبول ہیش ٹیگ #StudyTok کی تلاش میں 60 فیصد اضافہ ہوا جبکہ #FitnessTok سال بہ سال 66 فیصد اضافے کے ساتھ اس سال مقبول ترین رہا۔

پلیٹ فارم کے مطابق ٹک ٹاک کا عزم ہے کہ پاکستان میں ایک متحرک تخلیقی کمیونٹی کی معاونت کی جائے اور ہر اس شخص کے لیے تلاش کو آسان، خوشگوار تر اور زیادہ بامعنی بنایا جائے جو تحریک اور ترغیب کی تلاش میں ٹک ٹاک پر آتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں