لیاقت پور میں مبینہ پولیس مقابلہ، دو خطرناک ڈاکو ہلاک، اسلحہ برآمد
لیاقت پور: (دنیا نیوز) لیاقت پور میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو خطرناک ڈاکو مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس پارٹی معمول کی ناکہ بندی میں مصروف تھی کہ اس دوران مشکوک افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے اپنی حفاظت کے پیش نظر فوری طور پر جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ڈاکو موقع پر مارے گئے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، فرار ہونے والے ملزموں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا اور مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کر کے تحویل میں لے لیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ڈاکو علاقے میں راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں جن کے خلاف مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی اور ان کی شناخت کے لئے مختلف ذرائع سے مدد لی جا رہی ہے، لاشوں کو قانونی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔