پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 304.5 ملین ڈالر کے دومنصوبوں پر دستخط
اسلام آباد:(دنیا نیوز) حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 304.5 ملین ڈالر کے دومنصوبوں پر دستخط ہوگئے۔
اقتصادی امور کے ترجمان کے مطابق منصوبوں کا بنیادی مقصد کلائمیٹ ریزیلینس کا فروغ ہے یعنی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا ہے،180.5 ملین ڈالر کے سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پراجیکٹ پر دستخط ہوئے، 124 ملین ڈالر کے پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ اور زرعی میکانائزیشن پراجیکٹ پر دستخط ہوئے۔
معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم، ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایمافان اور سندھ اور پنجاب حکومت کے نمائندوں نے بھی متعلقہ حکومتوں کی جانب سے دستخط کئے۔
اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم کا کہنا تھا کہ سندھ کوسٹل ریزیلینس پراجیکٹ کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک 140 ملین ڈالر قرض جبکہ 0.5 ملین ڈالر کی تکینکی گرانٹ فراہم کرے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ سندھ کوسٹل ریزیلینس منصوبے سے ٹھٹھہ سجاول اور بدین کے اضلاع براہ راست مستفید ہوں گے، پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ پراجیکٹ پنجاب کے 30 اضلاع میں زرعی پیداوار اور ماحولیاتی لچک کو فروغ دے گا۔
سیکرٹری اقتصادی امور کا کہنا تھا کہ پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ پراجیکٹ کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک 120 ملین ڈالر قرض جبکہ 4 ملین ڈالر گرانٹ فراہم کرے گا،منصوبہ کے لئے پنجاب حکومت بھی 5 ملین ڈالر فراہم کرے گی،اس منصوبے کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو کلائمیٹ سمارٹ زرعی مشینری تک بہتر رسائی فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی ایمافان کا کہنا تھا کہ سندھ کوسٹل ریزیلینس پراجیکٹ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے اور ساحلی آبادیوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پنجاب زرعی میکانائزیشن پراجیکٹ زراعت کی جدید کاری اور اخراج میں کمی کے لیے ایک نہایت اہم قدم ہے۔