امارات میں حکومتی فیصلوں میں عوامی شراکت داری کیلئے نئی اتھارٹی کا قیام
ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات میں حکومتی فیصلوں میں عوامی شراکت داری کیلئے نئی اتھارٹی کا قیام ہوگیا۔
اماراتی میڈیا کے مطابق کمیونٹی مینیجڈ ورچوئل اتھارٹی اماراتی شہری چلائیں گے، اماراتی عوام کو صرف ووٹر نہیں، فیصلہ ساز بنانے کی کوشش کی گئی، اماراتی میڈیا نے مزید بتایا کہ نیا ماڈل روایتی انتخابات کے بجائے اہلیت پر مبنی ہو گا، ماہر شہری باری باری نیا سرکاری ادار۔ چلائیں گے۔
نئے نظام کے تحت عام شہری، ماہرین، نوجوان، کاروباری افراد اور ریٹائرڈ لوگ باری باری کمیونٹی ورچوئل اتھارٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ اماراتی افراد کو روایتی انتخابات کے بجائے اہلیت، تجربے اور صلاحیت کی بنیاد پر منتخب کیا جائے گا۔
اماراتی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق نئی اتھارٹی ایسے منصوبے تیار کرے گی جو فوری طور پر نافذ کئے جاسکیں گے اور جن سے عوام کی زندگی بہتر ہو گی، یہ نظام عوامی مشاورت اور شراکت پر مبنی ہوگا، جسے ماہرین ایک جدید اور شراکتی جمہوری ماڈل قرار دے رہے ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس نئے طریقہ کار سے بہتر فیصلے ہوں گے اور عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔