لیبیا: موبائل شاپ دکاندار کو 16 سال بعد پارسل موصول

طرابلس: (ویب ڈیسک) لیبیا میں ایک موبائل شاپ پر 16 سال بعد پارسل موصول ہوا، دکاندار پرانے موبائل کا پارسل دیکھ کر اپنی ہنسی نہ روک سکا۔

 ذرائع کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں ایک موبائل شاپ پر اس وقت حیرت انگیز منظر دیکھنے کو ملا جب دکان پر اچانک ایسا پارسل پہنچا جو 16 برس قبل روانہ کیا گیا تھا، پارسل کھولنے پر معلوم ہوا کہ اس میں موجود موبائل فونز 2010 کے دور کے نوکیا ماڈلز ہیں، جنہیں دیکھ کر دکاندار اپنی ہنسی نہ روک سکا۔

رپورٹ کے مطابق یہ موبائل فونز 2010 میں آرڈر کیے گئے تھے تاہم 2011 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی، ریاستی نظام کی تباہی، کسٹمز کی بندش اور سکیورٹی صورتحال کی خرابی کے باعث یہ کھیپ برسوں تک مختلف گوداموں میں پڑی رہی۔

دکاندار نے پرانی پیکنگ کھول کر موبائل فونز دیکھے تو انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ یہ فون نہیں بلکہ کسی میوزیم کی اشیا لگتے ہیں، کھیپ میں نوکیا میوزک ایڈیشن اور نوکیا کمیونی کیٹر جیسے اس وقت کے مشہور اور مہنگے ماڈلز بھی شامل تھے۔

 یہ وہ دور تھا جب نوکیا کے بٹن والے فونز موبائل مارکیٹ پر راج کرتے تھے اور میوزک ایڈیشن فون رکھنا ایک سٹیٹس سمبل سمجھا جاتا تھا، حالات کی خرابی کے باعث یہ پارسل وقت کی گرد میں گم ہو گیا جو اب 2026 میں اچانک اپنی منزل تک پہنچ گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں