خواجہ آصف سرکاری دورے پر مراکش پہنچ گئے، ایئر پورٹ پر پرتپاک استقبال

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف 14 جنوری تک سرکاری دورے پرمملکتِ مراکش پہنچ گئے۔

وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق خواجہ محمد آصف کا کاسابلانکا ایئرپورٹ آمد پر میجر جنرل احمد حطوطو، کمانڈر کاسابلانکا آرمی نے استقبال کیا، دورے کے دوران پاکستان اور مراکش کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے باہمی دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، مراکش کے وزیرِ مملکت برائے قومی دفاعی انتظامیہ عبد اللطیف لودیعی سے ملاقات کریں گے۔

اِسی طرح وہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت بھی کریں گے اور ایم او یو پر دستخط پاکستان اور مراکش کے دفاعی تعلقات میں ایک تاریخی اور باہمی مفاد پر مبنی پیش رفت کی حیثیت رکھتے ہیں۔

علاوہ ازیں وزارتِ دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت مستقل دفاعی روابط کے لیے ادارہ جاتی فریم ورک قائم ہوگا جب کہ وزیر دفاع کا دورہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں