ایس ایس پی گھوٹکی کا کچے کے جرائم پیشہ عناصر کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم
اوباڑو: (دنیا نیوز) ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران نے کچے کے جرائم پیشہ عناصر کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر تمام مغویوں کو رہا کر دیں۔
ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق کچے کے جرائم پیشہ عناصر پولیس اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر کی گئی تمام پوسٹیں بھی فوری طور پر ڈیلیٹ کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور قانون شکن عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ایس ایس پی انور کھیتران کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔