پولیس افسران کی مالی مشکلات کے حل کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں: محسن نقوی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیس افسران کی مالی مشکلات دور کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، چاہتا ہوں کہ ہر افسر کی تنخواہ بہتر ہو۔
محسن نقوی نے اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور وہاں کی تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ کیا، انہوں نے کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس کو ضروری ہدایات بھی دیں، وزیر داخلہ نے کانفرنس ہال، ڈائننگ ہال اور دیگر رومز کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیرِ تربیت اے ایس پیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیرِ تربیت اے ایس پیز کو پاسنگ آؤٹ پر پلاٹ دیئے جائیں گے، موجودہ پولیس بیچ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا، زیرِ تربیت اے ایس پیز کو ایک ماہ کی تربیت کیلئے بیجنگ بھیجا جائے گا۔
.jpg)
انہوں نے کہا کہ اے ایس پیز کی ٹریننگ میں مزید جدید تقاضوں کے مطابق تربیتی ماڈیولز لائیں گے، افسران کی پیشہ ورانہ قابلیت اور عملی مہارت بڑھانے کے لئے اقدامات یقینی بنائیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تعاون سے افسران کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، افسران کی پروموشن کے مسائل حل کئے جائیں گے۔
اس موقع پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دی، ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔