وزیراعلیٰ بلوچستان مختلف شہروں میں شدید سرد موسم میں کم گیس پریشر پر برہم
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان نے مختلف شہروں میں شدید سرد موسم میں کم گیس پریشر پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پی پی ایل اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کا اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں اراکین بلوچستان اسمبلی نے خصوصی شرکت کی اور گیس پریشر میں کمی اور عدم دستیابی کی شکایات کیں۔
شدید سرد موسم میں کوئٹہ، زیارت، سوئی اور قلات میں کم گیس پریشر پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے پی پی ایل اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو عوام کی تکلیف کم کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گیس حادثات پر اظہار تشویش کیا اور روک تھام کیلئے اقدامات کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی کی جانب سے بلوچستان کے لئے گیس کی محدود ایلوکیشن باعث تشویش ہے، صورتحال سے آگاہی کیلئے وزیر اعظم پاکستان کو خط لکھیں گے، عوام شدید تکلیف میں ہیں، ہم خاموش نہیں رہ سکتے، سوئی جہاں سے گیس نکلتی ہے وہیں گیس کے مسائل باعث افسوس ہے، سوئی میں خواتین آج بھی لکڑیوں پر روٹی پکاتی ہیں۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ اور سرد علاقوں میں عوام سردی سے ٹھٹھر رہے ہیں، گیس دستیاب نہیں، صارفین کیلئے گیس کی عدم دستیابی ناقابل قبول ہے، فوری حل نکالا جائے، بلوچستان میں گیس بحران کو ہر صورت حل کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے پی پی ایل اور گیس کمپنی حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کا بخوبی اندازہ ہے، کوئی حیلہ بہانہ نہیں چلے گا۔