ایئرپورٹس سے ڈی پورٹ ہونے والے 4 ہزار افراد کی انکوائریز مکمل

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے ایئرپورٹس سے ڈی پورٹ ہونے والے 4 ہزار سے زائد افراد کی انکوائریز مکمل کر لیں۔

ذرائع کے مطابق انکوائریز کے دوران بیرون ملک بھجوانے کے لیے جعلی اور غلط سفری دستاویزات کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

متعدد مسافروں کو دھوکہ دینے والے ایجنٹس اور سہولت کاروں کی نشاندہی کر لی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غلط دستاویزات پر بیرون ملک بھجوانے کی کوشش کرنے والے ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف مقدمات درج کرنے کی تیاری مکمل، ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کو لوٹنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک بھجوانے کے نیٹ ورکس توڑنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں